مرحوم و مغفور کے بنتے ہیں، اب اگر کوئی شخص RIP کا معنی و مفہوم سمجھتے ہوئے کسی کافر کی موت پر لکھے تو
سوال:
میرا سوال یہ ہے کہ کسی کافر کی موت پر اس کے لیے مغفرت کی دعا کرنا یا صرف انگلش میں RIP لکھنا کیسا ہے؟ کیا کافر کے لیے مغفرت کی دعا کرنے سے بندہ کافر ہو جائے گا؟
المستفتی:
افضل شیخ قادری
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
الجواب:
کسی کافر کی موت پر اس کے لیے مغفرت کی دعا کرنے کو فقہائے کرام نے کفر کہا ہے اور RIP لکھنا ایک دعائیہ جملہ (ترجمہ: Rest in Peace / امن میں رہے) ہے جس کے معنی مرحوم و مغفور کے بنتے ہیں، اب اگر کوئی شخص RIP کا معنی و مفہوم سمجھتے ہوئے کسی کافر کی موت پر لکھے تو وہ کافر ہو جائے گا، ایسے شخص پر توبہ و تجدید ایمان لازم ہے۔
البتہ اگر کوئی اس کا معنی نہیں جانتا، بلکہ بغیر معنی جانے یوں ہی دیکھا دیکھی لکھ دیتا ہے، تو اب حکم کفر تو نہیں مگر ناجائز و گناہ ضرور ہے۔ لہٰذا مسلمانوں کو اس سے بچنا لازم ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
مَا كَانَ لِلنَّبِيِّ وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْۤا اَنْ يَّسْتَغْفِرُوْا لِلْمُشْرِكِيْنَ وَلَوْ كَانُوْۤا اُولِيْ قُرْبٰى مِنْۢ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُمْ اَنَّهُمْ اَصْحٰبُ الْجَحِيْمِ
ترجمہ کنز الایمان: نبی اور ایمان والوں کے لائق نہیں کہ مشرکوں کے لیے مغفرت کی دعا مانگیں اگرچہ وہ رشتہ دار ہوں جب کہ ان کے لیے واضح ہوچکا ہے کہ وہ دوزخی ہیں۔ [التوبۃ: 113]
کافر کو مغفرت کی دعا دینے کے متعلق رد المحتار میں ہے:
إِنَّ الدُّعَاءَ بِالْمَغْفِرَةِ لِلْكَافِرِ كُفْرٌ لِطَلَبِهِ تَكْذِيبَ اللهِ تَعَالَى فِيمَا أَخْبَرَ بِهِ
ترجمہ: کافر کے لیے مغفرت کی دعا کرنا کفر ہے، اللہ تعالیٰ کو اس معاملے میں جس کی خبر اللہ تعالیٰ نے دی جھٹلانے کو طلب کرنے کی وجہ سے۔ [الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)، کتاب الصلاۃ، فروع قرا بالفارسیۃ، ج: 1، ص: 562، دار الفکر بیروت]
فتاویٰ رضویہ میں ہے: ”اور کافر کے لیے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کفر خالص و تکذیب قرآن عظیم ہے کما فی العالمگیریۃ وغیرہا۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 21، ص: 228، ادبی دنیا دہلی]
فتاویٰ تاج الشریعہ میں ہے:
”کافر کے لیے دعائے مغفرت کفر ہے۔“
[فتاویٰ تاج الشریعہ، ج: 2، کتاب العقائد، ایمان و کفر، ص: 134، جامعۃ الرضا]
والله تعالى أعلم
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــــه:
سمیر مدنی
24 نومبر 2025ء
المصدق:
المفتي وسيم أكرم الرضوي المصباحي
